ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شرجیل امام پر بھیڑ کو اکسانے کا الزام جامعہ تشدد معاملے میں دہلی پولیس نے داخل کی چارج شیٹ

شرجیل امام پر بھیڑ کو اکسانے کا الزام جامعہ تشدد معاملے میں دہلی پولیس نے داخل کی چارج شیٹ

Wed, 19 Feb 2020 11:06:44    S.O. News Service

نئی دہلی،19/فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی پولیس نے جامعہ۔نیو فرینڈس کالونی میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے کے دوران ہوئے تشدد کے معاملے میں منگل کو عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی۔اس میں شرجیل امام پر اکسانے کا الزام لگایا گیا ہے۔چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ گرموہن کور کی عدالت میں چارج شیٹ دائر کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ریکارڈز اور 100 سے زائد گواہوں کے بیان بطور ثبوت منسلک کئے گئے ہیں۔عدالت نے غداری کیس میں گرفتار کئے گئے شرجیل امام کو تین مارچ تک عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔غور طلب ہے کہ 15 دسمبر2019 کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پاس نیو فرینڈس کالونی میں نظر ثانی شہریت قانون کے خلاف جاری مظاہرے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان تشدد بھڑک گیا تھا۔ اس دوران چار بسوں اور پولیس کی دو گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا گیا تھا۔ طالب علموں، پولیس اہلکاروں اور فائربریگیڈیئر کے اہلکاروں سمیت تقریباً 60/ افراد زخمی ہوئے تھے۔بتا دیں دہلی کی ایک عدالت نے غداری کے الزام میں گرفتار شرجیل امام کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف 15 دسمبر کو نیو فرینڈس کالونی میں پرتشدد مظاہروں سے متعلق ایک مختلف معاملے میں پیر کو دہلی پولیس کی ایک دن کی حراست میں بھیج دیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ اس تشدد معاملے میں ایک اور ملزم فرقان نے اپنے بیان میں الزام لگایا ہے کہ اسے امام کی تقریروں نے اکسایا تھا، جس کے بعد اہم میٹروپولیٹن مجسٹریٹ گرموہن کور نے اس کا حکم دیا۔امام سے عدالت میں آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد عدالت نے اسے پولیس حراست میں دے دیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ میں اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں امام کو 28 جنوری کو بہار کے جہان آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ امام کے خلاف 26 جنوری کو غداری اور دیگر الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔


Share: